ٹی 20 ایشیا ورلڈ کپ آج سے بنگلہ دیش میں شروع ہو گا

India vs Bangladesh

India vs Bangladesh

ڈھاکہ (جیوڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے ایشائی ٹیموں کا ٹکراؤ آج سے بنگلہ دیش میں شروع ہو گا، ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے گرین شرٹس آج شام بنگلہ دیش پہنچیں گی۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ پہلی بار ٹی ٹوئنٹی طرز پر ہورہا ہے۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی چوبیس فروری سے چھ مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ کے تمام میچز شیر بنگال سٹیڈیم میر پور بنگلہ دیش میں ہوں گے۔ میزبان بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں افتتاحی میچ کھیلیں گی۔ پچیس فروری کو دفاعی چیمپیئن سری لنکا کی ٹیم یو اے ای کے مدمقابل ہو گی۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ ستائیس فروری کو ہو گا۔ اٹھائیس فروری کو بنگلہ دیشی ٹیم متحدہ عرب امارات کا سامنا کرے گی۔ پاکستان کی ٹیم انتیس فروری کو یو اے ای سے مقابلہ کرے گی۔ یکم مارچ کو بھارتی ٹیم سری لنکا سے کھیلے گی۔

میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم دو مارچ کو پاکستان سے مقابلہ کرے گی۔ تین مارچ کو بھارت اور یو اے ای جبکہ چار مارچ کو پاکستان اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل چھ مارچ کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا ، بھارت اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہے۔