طاہر القادری نے 16 اگست کو دھرنے کا اعلان کر دیا

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 16 اگست کو مال روڈ پر خواتین کے دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن شہدا کے لواحقین اپنی فریاد لے کر کب تک بیٹھیں گے، میں یہ نہیں جانتا؟ اپنی ماؤں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جاؤں گا۔ یہ دھرنا مرحلہ وار ہوگا جس کا آغاز لاہور مال روڈ سے کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ پبلک نہیں کی گئی، اس لئے نہیں جانتا اس میں کیا لکھا ہے۔ رپورٹ پبلک ہونے کے بعد ہی فیصلہ کر پائیں گے کہ کیا وہ ٹھیک ہے یا ٹیمپرز ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پہلی مرتبہ نواز شریف کے نظام کے تحت عدلیہ نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے۔ اقاما آدھا پاسپورٹ ہوتا ہے، مجھے طعنہ دینے والے خود اقاما ہولڈر نکل آئے ہیں۔

انہوں نے نواز شریف کے قافلے میں موجود گاڑی کی ٹکر سے بچے کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے اتنے بے حس اور بے ضمیر لوگ ہیں کہ ان کے پروٹوکول نے بچے کو شہید کر دیا لیکن کسی نے رک کر بھی لاش کو نہیں دیکھا۔