نئے ٹیلنٹ کا حصول، جہانگیرکی کوششیں رنگ لانے لگیں

Jahangir Khan

Jahangir Khan

کراچی (جیوڈیسک) سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کی باصلاحیت اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کاوشیں رنگ لانا شروع ہوگئیں، نئے چیمپئن تلاش کرنے کے پروگرام کے تحت زیرتربیت کھلاڑیوں نے پہلے انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے امید کی کرن روشن کردی۔

ملائیشیا میں ہونے والے پینانگ انٹرنیشنل جونیئرز اسکواش ٹورنامنٹ میں شریک 6 میں سے4کھلاڑی مختلف فائنلزکھیلنے میں کامیاب رہے، پاکستان کے عاصم خان نے انڈر 19 بوائز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، موصولہ اطلاعات کے مطابق چیمپئنز ہنٹ انیشیٹیو پروگرام فار اسکواش کے تحت تربیتی مقاصد کیلیے پینانگ انٹرنیشنل جونیئرز ٹورنامنٹ جاری ہے، اس میں شرکت کرنیوالے عباس شوکت نے عمدہ کھیل کی بدولت بوائز انڈر 19 کے فائنل میں رسائی پائی جہاں مدمقابل ہموطن کھلاڑی عاصم خان نے 11- 7، 11-8 اور 11-8 سے کامیابی کو گلے لگایا، کاشف آصف نے انڈر 17 ایونٹ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی لیکن سخت مقابلے کے باوجود ناکام رہے۔

میزبان ملائیشیا کے اونگ سائی ہونگ نے یہ مقابلہ8-11،11-6، 11-9، 10-12 اور 11-6 سے جیتا، عون عباس انڈر 15 کے حتمی مرحلے تک جاپہنچے مگرفائنل میں مصر کے مصطفی اسیل سے 2-11،7-11 اور 6-11 سے مات کا شکار ہو گئے، بہترین صلاحیتوں کے حامل حذیفہ ابراہیم انڈر 11 ایونٹ میں اپنے جوہردکھاتے ہوئے فائنل میں پہنچے مگرٹائٹل مقابلہ ملائیشیا کے جیکوئم کوہا کے ہاتھوں 9-11،5-11 اور 4-11 سے ہارگئے، قبل ازیں مہران جاویدکوانڈر 17 کے سیمی فائنل میں اپنے ہی ساتھی کاشف آصف سے ٹکرانے کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا، منصور زمان اسی ایونٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب رہے۔

دریں اثنا چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد مذکورہ پلیئرز، پروگرام کے ڈائریکٹر سعید خان اور کوچ آصف خان اتوار کو واپس وطن پہنچ رہے ہیں، دوسری جانب مصر کے دورے پرجانیوالے جہانگیر خان نے اپنی زیر نگرانی تربیت پانے والے جونیئر کھلاڑیوں کی پہلے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں کارکردگی کو قابل فخر اوراطمینان بخش قراردیا ، انھوں نے کہاکہ 6 میں سے 4 کھلاڑیوں کا فائنل میں پہنچنا امید افزا رہا،دیگر دونوں پلیئرز نے سیمی فائنل اورکوارٹرفائنل میں جگہ بنا کر اپنے تابناک مستقبل کی نشاندہی کردی، جہانگیر خان نے کہاکہ2 ماہ کی تربیت کے مثبت نتائج عالمی اسکواش میں پاکستان کاکھویا ہوا مقام واپس آنے کی نشاندہی کر رہے ہیں، مستقبل میں مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔