میاں طارق محمود کا سڑک کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب

Dinga

Dinga

ڈنگہ : پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما، ممبر صوبائی اسمبلی میاں طارق محمود ایم پی اے چیئر پرسن کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن ایشیاء نے موضع دھکڑانوالی میں 7 کروڑ 12 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شروع ہونے والی سڑک کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ہمارے پورے ضلع کو خادم اعلیٰ دیہی روڈز پروگرام میں تین بڑی سڑکیں دی ہیں جن میں سے وزیر اعلیٰ کی خصوصی شفقت اور آپ کی دُعائوں سے 2 سڑکیں میں نے دھکڑانوالی اور ثمن پنڈی کے لیے لی ہیں جن میں سے ایک یہ سڑک ہے۔

میری خواہش تھی کہ اِن چار بڑی اہم شاہرائوں کے درمیان ایک رابطہ سڑک ہو جو چند منٹوں میں تمام سڑکوں ، دیہاتوں اور شہروں سے آپ کو ملا دے ، خدا نے فضل کیا اور میری خواہش پوری کر دی ، میرے بھائی چوہدری مشتاق احمد سابق چیئرمین اور چوہدری غلام رسول سابق ناظم دھکڑانوالی کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ کھیت سے کھلیان تک ، دیہات سے شہر تک عوام کی فلاح و ترقی کے لیے رابطہ سڑک دی جائے جو آج میں نے اِن کی خواہش کو پورا کر دِیا ، دھکڑانوالی کی عوام نے آج میرا تاریخی استقبال کر کے ثابت کیا ہے کہ یہاں کی عوام اپنا حق لینا بھی جانتی ہے اور شکریہ ادا کرنا بھی جانتی ہے۔

اس جوش و جذبہ کو دیکھ کر میں کروڑوں رو پے کی خطیر رقم سے 9Rراجباہ کو بھی پکا کرنے اور پانی ٹیل تک پہنچانے کا اعلان کرتا ہوں ، اس علاقہ میں نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور منشیات اور اسلحہ کی لعنت سے بچنے کے لیے ایک کھیل کا میدان دینے کا بھی اعلان کرتا ہوں ، دھکڑانوالی کے کسانہ برادران نے بے شک ساتھ نبھانے میں آخری مثال پیش کر دی ہے ، اُنہوں نے ہمیشہ میرا مان بڑھایا ، ہماری حکومت چین جیسے دوست کی مدد سے آپ کو اندھیروں میں نکالنے کے لیے دِن رات ایک کیے ہوئے ہے اور بہت جلد 100 فی صد لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا دِلا کر دم لیں گے، میں چاہتا ہوں کہ دھکڑانوالی ، سیکریالی کے نوجوان ، بچے چند منٹوں میں اچھے کالجز اور یونیورسٹی تک اس سڑک پر سفر کر کے پہنچ سکیں، اس کے لیے 30 جون تک دِن رات کام کر کے اس سڑک کو عوام الناس کی بہتری کے لیے مکمل کر کے کھول دینگے۔