آئندہ مالی سال کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر کرنے کا فیصلہ

Tax

Tax

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آر نے آئندہ مالی سال 2015-16 کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3103.71 ارب روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جورواں مالی سال 2014-15 کیلیے مقرر کردہ 2605 ارب روپے کے نظر ثانی شدہ ہدف کے مقابلہ میں 19.14 فیصد زیادہ ہے۔

وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کیلیے مقرر کردہ ٹیکس وصولی کے ہدف میں سے ان لینڈ ریونیو کی مد میں 2804.59 ارب روپے وصولی کا ہدف مقرر کیاگیا ہے جو رواں مالی سال کے مقرر کردہ 2350 ارب روپے کے نظر ثانی شدہ ہدف کے مقابلہ میں 19.34 فیصد زیادہ ہے۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کیلیے ڈائریکٹ ٹیکس (انکم ٹیکس) وصولیوں کا ہدف 1326.835 ارب روپے مقرر کیاگیا ہے جو رواں مالی سال کیلیے مقرر کردہ 1091.691 ارب روپے کے نظر ثانی شدہ ہدف کے مقابلہ میں 21.54 فیصد زیادہ ہے۔

ورکر ویلفیئر فنڈ کی مد میں وصولیوں کا ہدف 19.71 ارب روپے مقرر کیاگیا ہے جورواں مالی سال کے 16.22 ارب روپے ہدف کے مقابلہ میں 21.51 فیصد زیادہ ہے۔ کیپیٹل ویلیو ٹیکس کی مد میں ہدف 1.33 ارب روپے مقررکیا گیا ہے جو جورواں مالی سال کے 1.09 ارب روپے کے ہدف سے 22.02 فیصد زیادہ ہے۔