ٹیکس ورلڈ شو کی چار روزہ 40 ویں نمائش پیرس میں شروع

Tax World Show Exhibition in Paris

Tax World Show Exhibition in Paris

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) ٹیکس ورلڈ شو کی چار روزہ 40 ویں نمائش پیرس میں آج سے شروع ہے جس میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی اعلی معیار کی مصنوعات رکھی گئیں جن میں بین الاقوامی خریداروں، ہول سیلرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی ظاہر کی۔

نمائش میں پاکستان کی 26 معروف فیشن ڈیزائن بنانے والی کمپنیوں نے حصہ لیا اور اپنی معیاری اشیاء پیش کیں جن میں اعلی معیار کا کاٹن کا کپڑا، سلائی کڑھائی، لیسوں سے تیار کیئے گئے نفیس ملبوسات جو کہ خصوصی طور پر یورپین بچوں، مردوں اور خواتین کے معیار کے مطابق تیار کیئے گئے تھے۔

پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے نمائش میں پاکستان کے سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستان کے نمائش کنندہ گان سے علحیدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور نمائش میں ان کی نمائندگی کو سراہا کہ انہوں نے اپنی کمپنیوں کے تیار کردہ ملبوسات اور ان کے لوازمات کے ساتھ یورپ کی اتنی بڑی صنعتی نمائش میں حصہ لیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کی طرف سے ٹیکس ورلڈ کی بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کے ملبوسات کے اعلی نمونوں اور کاٹن کی بنی ہوئی مصنوعات کو فرانس اور یورپی مارکیٹ میں متعارف کروانے میں مدد ملے گی اور پاکستانی کمپنیوں کی اس نمائش میں شرکت کے بعد پاکستانی کاٹن کی مصنوعات کو بیرون ملک برآمدات میں اضافہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ٹیکس ورلڈ ہرسال موسم بہار کے شروع میں اس تجارتی نمائش کا انعقاد کرتی ہے جس میں فرانس اور یورپ کی ٹیکسٹائل اور فیشن انڈسٹری کے ماہرین شرکت کرتے ہیں۔ یہ نمائش بین الاقوامی صنعت کاروں کو اپنی مصنوعات یورپ میں پہنچانے کیلئے بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔