یونیورسٹی آف واہ کے چوتھے کانووکیشن کی پر وقار تقریب

Group Photo

Group Photo

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی ) یونیورسٹی آف واہ کے چوتھے کانووکیشن کی پر وقار تقریب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں 2097 طلباء و طالبات کو انجینئرنگ، سوشل سائنسز اینڈ Huminities، منیجمنٹ سائنس، کمپیوٹر سائنس، انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں دی گئیںاور 87 طلباء کو اپنے اپنے شعبے میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر سونے کے تمغے دیئے گئے۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ اور چیئرمین بورڈ آف گورنر مہمان خصوصی تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈنے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے تمام گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے زندگی کے حقیقی چیلنجز کا آغاز ہو رہا ہے اور مستقبل کے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی سے کام لینا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے مستقبل کا انحصار آپ پر ہے اور یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ راستہ نہیں ہوتا۔ محنت، لگن اور اخلاقی اقدار کی پاسداری اور اللہ تعالیٰ پر یقین کامل کامیابی کی کنجی ہے۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے کہا کہ پی او ایف میں موجود لیبارٹریز اور پی او ایف کے سٹیٹ آف دی آرٹ پیداواری یونٹس یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے عملی تجربات کے لیے ہمہ وقت حاضر ہیں جن سے بھر پور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

اس سے پہلے وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ ڈاکٹر خلیق الرحمان شاد نے اپنے خطبۂ استقبالیہ میں چیئرمین پی او ایف بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی او ایف انتظامیہ یونیورسٹی آف واہ کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف واہ کا معیار تعلیم پاکستان میں موجود یونیورسٹیوں سے کسی لحاظ سے بھی کم نہیں ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی کے بہترین نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ طلبا و طالبات کی شبانہ روز محنت کے ساتھ ساتھ فیکلٹی اور والدین کا اخلاص بھی قابل ذکر ہے وائس چانسلر نے کامیاب طلباء اور والدین کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔