تحصیلدار ابراھیم کھر ایک ماہ کی چھٹی پر چلے گئے

Layyah

Layyah

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) نہ رہا بانس، نہ بجے گی بانسری۔ اخبارات میں خبریں شائع ہونے پر تحصیلدار ابراھیم کھر ایک ماہ کی چھٹی پر چلے گئے۔ نائب تحصیلدار محسن بخاری پہلے ہی عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز نائب تحصیلدار چوبارہ بشیر احمد خان کے اضافی آرڈر کیئے گئے۔ جن کے پاس پہلے ہی نائب تحصیلدار اور تحصیلدار سب رجسٹرار فتح پور، سی او اشتمال سمیت موضع جھرکل اور 306 اور شاہ پور کا چارج ہے۔

جبکہ تحصیل چوبارہ کروڑ سے 80 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ ایک شخص کس طرح پورا اتر سکتا ہے۔ اطلاع کے مطابق تحصیلدار کروڑ کے چھٹی پر چلے جانے کے بعد ان کے حلقہ تھلجنڈی اور موج گڑھ کا چارج بھی بشیر احمد خان کو دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ تفصیل کے مطابق آفس کروڑ میں تعینات تحصیلدار ملک ابراہیم کھر جو کہ ایم پی اے (ن لیگ) عبدالرحیم کھر کے بھائی ہیں عرصہ 2 سال کے دوران اپنے آفس میں صرف 2 ماہ ہی بیٹھے ہونگے۔ اور سارا کام دلادلوں کے ذریعے گھر میں بیٹھ کر ہی کرتے رہے۔ گزشتہ روز اخبارات میں خبریں شائع ہوئیں تو تحصیلدار نے عمرہ کی ادائیگی پر جانے کیلئے ایک ماہ کی چھٹی کی عرضی دے دی۔ تحصیل آفس میں تحصیلدار ابراہیم کھر ، نائب تحصیلدار محسن بخاری جو ایم این اے کے بھتیجے ہیں کی بھی ملتی جلتی روٹین ہے۔ لیکن ان دنوں وہ بھی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے گئے ہوئے ہیں۔ اور واپسی 22 اپریل کو متوقع ہے۔ جس کے بعد رجسٹری انتقال ، فرد ملکیت جاری کرنے کیلئے کوئی افسر موجود نہیں۔ تحصیل بھر کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

نائب تحصیلدار حاجی ذوالفقار کو اے سی کروڑ نے اپنا سٹاف افسر (کھڈے لائن) مقرر کر رکھا ہے۔ اور اے سی آفس سے جاری کردہ لیٹر کے مطابق حاجی ذوالفقار کو کرپٹ افسر ظاہر کرتے ہوئے ان پر کسی بھی قسم کے انتقال ، نقول فرد جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تحصیلداروں کے ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے درجنوں افراد کو روزانہ شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رھا ہے۔ اور بہت سے لوگ عملہ کے ساتھ الجھتے ہوئے نظر آئے ہیں۔ لیکن اس ساری صورتحال کا نوٹس نہ لیا گیا اور نہ ہی کسی کو ذمہ دار سونپی گئی ہے۔