بھارتی ریاست کیرالہ کے مندر میں آگ لگنے سے 100 سے زائد یاتری ہلاک

Temple Fire

Temple Fire

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے شہر کلم کے مندر میں آتش بازی کے دوران آگ لگنے سے 100 سے زائد یاتری ہلاک جب کہ 250 سے زائد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے علاقے شہر کلم کے علاقے پراوور میں واقع پتنگل مندر میں بڑی تعداد میں ہندو یاتری اپنے مذہبی سال کے آغاز کے جشن میں آتش بازی کر رہے تھے کہ وہاں موجود پٹاخوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مندر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ مندر کی عمارت منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں 102 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق درجنوں افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واقعہ کے بعد ریاست کیرالہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ طبی عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ریاست کیرالہ کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاننے کے لئے
انکوائری شروع کردی جب کہ وزیراعظم نریندر مودی نے مندر میں لگنے والی آگ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلم کے مندر میں دل دہلا دینے والے سانحے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔