دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، رانا ثناءاللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

شیخوپورہ (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرِقانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، موٹروے، میٹرو بس سروس اور دانش اسکولوں پر تنقید کرنے والے اب اورنج لائن ٹرین کے پیچھے پڑ گئے ہیں، وہ یہ نہیں دیکھتے کہ ان منصوبوں سے عوام کو کس قدر فائدہ پہنچ رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ موٹروے ٹریننگ اسکول شیخوپورہ میں تربیت پانے والے ڈرائیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس کے بارے میں آج تک کسی نے نہیں سنا کہ وہ کرپشن کرتی ہے،میٹرو بس سروس سےلاہور اور راولپنڈی میں لاکھوں لوگ استفادہ کر رہےہیں، دانش اسکولوں میں ایچی سن کے معیار کی تعلیم دی جا رہی ہے، جبکہ انڈوومنٹ فنڈمیں طلبہ کے لیے 15 ارب روپے رکھے گئے ہیں، ایک لاکھ بچےاس فنڈ سے مستفید ہو رہے ہیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران بھوک اور پیاس کے سبب 7 ڈرائیور بے ہوش ہو گئے، ریسکیو حکام نے انہیں طبی امداد دی، ڈرائیوروں نے بتایا کہ صبح سے انہیں بٹھا رکھاہے، باہر بھی نہیں جانے دیا جارہا۔