دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عہد کرتے ہیں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں، اپنے مستقبل سے کسی کو نہیں کھیلنے دینگے۔ معصوم شہداء کے لواحقین کا غم الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستانی تاریخ میں 16 دسمبر کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اختلافات بھلاکر دہشت گردی کے خلاف یک جا ہو کر اٹھ کھڑا ہونے پر قوم خراج تحسین کی مستحق ہے۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ دہشتگردوں کی ہمارے معاشرے ، ثقافت اور مذہب میں کوئی جگہ نہیں ہے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور نظریہ نہیں ہے، وہ انسانیت کے ماتھے کا کلنک ہیں۔