جو کوئی بھی دہشت گردی کی پشت پناہی کرے گا ہم بغیر کسی رو رعایت کے اس سے حساب لیں گے۔ بن علی یلدرم

 Bin Ali Yildirim

Bin Ali Yildirim

انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ملک کے اندر اور باہر جو کوئی بھی دہشت گردی کی مدد کرے گا اور دہشت گردی کی پشت پناہی کرے گا ہم بغیر کسی رو رعایت کے اس سے حساب لیں گے۔

وزیر اعظم بن علی یلدرم نے مُش میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15 جولائی کی رات ہم نے فیتو کے چہرے کا نقاب اتار دیا ہے اور یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ فیتو اور علیحدگی پسند دہشتگرد تنظیم PKKبرادر دہشت گرد تنظیمیں ہیں۔

ان دونوں دہشت گرد تنظیموں کے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کاروائیاں کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بن علی یلدرم نے کہا کہ ان دونوں کی ڈوریں ایک ہی مرکز کے ہاتھ میں ہیں اور آج ہم اس چیز کو واضح شکل میں دیکھ رہے ہیں کہ ترک ہوں، کرد ہوں، عرب ہوں یا زازا ہوں نہ تو PKK ان کی بھلائی چاہتی ہے اور نہ ہی فیتو۔

انہوں نے کہا کہ ان دہشتگرد تنظیموں کی ڈوریں جن مراکز کے ہاتھ میں ہیں وہ علاقے میں اپنے مفادات سے ہم آہنگ نظم و ضبط قائم کرنے کے لئے بھائی کو بھائی کا دشمن بنا نے کی کوشش کر رہی ہیں۔

بن علی یلدرم نے کہا کہ فیتو ترکی کو نقصان پہنچانے کے لئے دین کا ماسک استعمال کر رہی ہے تو PKK بائیں بازو کا ۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ نہ تو دینی ہیں نہ بائیں بازو کی حامی، ان کا مقصد نہ تو قومیت ہے اور نہ ہی مقامیت بلکہ یہ صرف اور صرف کم ظرف قاتلوں کے گروہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاریاں پوری رفتار سے جاری ہیں ، ہم نے تعلیم، صحت، رسل و رسائل، توانائی اور ہاوسنگ کے شعبوں میں ہم نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاریاں کی ہیں اور کرنا جاری رکھیں گے۔

آئینی ترمیم کے لئے 16 اپریل کو متوقع ریفرنڈم میں “مثبت” ووٹوں کے ساتھ نظام کے تبدیل ہو جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ “مارشل لاز کی نشانی اس آئین کو اب ہم نظام سے ختم کر دیں گے ۔ مارشل لاء سے متعلق شقوں کو مکمل طور پر ختم کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کی مدد سے آپ بیلٹ بکس پر صدر کا انتخاب کریں گےاور اسی روز ، اسی وقت اسمبلی ممبران کا بھی انتخاب کر سکیں گے۔ اس طرح آپ کا منتخب کردہ صدر انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی اپنی حکومت بنائے گا اور کام کا آغاز کر دے گا۔