دہشت گردی کا ناسور کو ختم کرنے کے لئے ہم ہر دم کوشاں ہیں۔ شہباز خاں

Dco Meeting

Dco Meeting

شیخوپورہ (دانیال منصور سے) پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا جذبہ وطن پاکستان کے ہر شہری میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے حکومت کا بنایا گیا نیشنل ایکشن پلان کافی حد تک کار آمد ثابت ہوا ہے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنے سے آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ پرامن، مضبوط اور مستحکم دکھائی دے رہا ہے۔

دہشت گردی کا ناسور کو ختم کرنے کے لئے ہم ہر دم کوشاں ہیں اور شیخوپورہ کی تمام صحافی برادری اس منصوبہ میں کامیابی کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ کام کرنے کی یقین دہانی کرواتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار صدر پریس کلب شہباز خاں نے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کی جانب سے منعقد کیے گئے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار شہداء ہال ڈسٹرکٹ پریس کلب شیخوپورہ میں منعقد ہوا جس میں مقامی صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیمینار میں شرکاء کو نیشنل ایکشن کے تحت ہونے والی کامیابیوں کی جامع جائزہ رپورٹ پر بریفنگ دی گئی اور امن ڈے کے حوالے سے خصوصی ویڈیو بھی دیکھائی گئی۔سیمینار کے ساتھ ہی امن کا پیغام عوام تک پہنچانے کے لئے آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا صحافیوں اور طلباء کی کثیر تعداد نے واک میں شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پون سنگھ اروڑا،چئیر مین پریس کلب چوہدری غلام احمد،جنرل سیکرٹری سلطان حمید راہی نے واک کی قیادت کی ۔چئیرمین پریس کلب اور جنرل سیکرٹری پریس کلب شیخوپورہ نے بھی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے سیکورٹی اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور اب تک ہزاروں پاکستانی اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں دہشت گردی کے خاتمہ اور امن کے لئے وطن عزیز کی قرنیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اس کا اعتراف بین اقوامی سطح پر بھی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اس میں دہشت گردی کو ختم کرنے اور اسمیں امن کے قیام کے لئے ہم سب پر فرض ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔سیمینار میںشریک شرکاء کو نیشنل ایکشن پلان کے حوالے پمپفلٹ تقسیم کئے گئے۔