دہشت گردی ختم کرنی ہے تو متاثرین کو جون سے پہلے واپس بھجوائیں: سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

بنوں (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ دہشت گردی ختم کرنی ہے تو قبائلی علاقوںکے تمام متاثرین کو جون جولائی سے پہلے انکے گھروں کو واپس بھیجا جائے، افغانستان کو نقل مکانی کرنے والے متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کیلئے پاک افغان بارڈر پر ٹھوس انتظامات کئے جائیں۔

فاٹا میں زراعت، تعلیم اور صحت کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے آنے والے بجٹ میں پانچ سو ارب روپے کا پیکج مختص کرکے نوجوانوں کو دس ہزار سرکاری نوکریاں دلائی جائیں، خیبر پی کے حکومت نے متاثرین کیساتھ کرائے کے حوالے سے کئے وعدے سو فیصد پورے نہیں کئے، وہ قاضی فضل قادر شہید پارک بنوں میں گرینڈ جرگہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران علاج معالجہ کیلئے خود بیرون ملک جاتے ہیں اور تعلیم و تربیت کیلئے اپنے بچوں کو بیرون ملک بھیجتے ہیں تو یہ کیسا ملک ہے جہاں تعلیم و تربیت اور علاج معالجے کا انتظام نہیں نہایت افسوس کا مقام ہے آج ہم 70ارب ڈالر کے مقروض ہیں جبکہ 350ارب ڈالرز سے زائد کی رقم ہمارے حکمران بیرون ملک منتقل کر گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور میں فاٹا کو ہر صورت شامل کرانا ہوگا کیونکہ یہ اقتصادی راہداری ہے جہاں پر جگہ جگہ صنعتی مراکز قائم کئے جائیں گے جس سے فاٹا میں معاشی انقلاب آئے گا۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آئی تو تعلیم اور علاج مفت ہو گا جبکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع اور ساتھ ساتھ عمر رسیدہ لوگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا‘ ملک میں آج ایسا نظام رائج ہے کہ وہ عناصر جسے ہتھکڑیوں میں رکھنا چاہئے تھا وہ ذمہ دار نشستوں پر تعینات ہیں۔

دریں اثناء مقررین جرگہ نے مطالبات پیش کرتے ہُوئے کہاکہ قبائلی علاقہ جات سے انگریز کا لاگو کردہ قانون ایف سی آر ختم کیا جائے فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرکے 22ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا کو صوبہ خیبر پی کے میں قبائلی امنگوں کے مطابق شامل کیا جائے اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری میں برابر کا حصہ دیا جائے۔

فاٹا میں صوبہ کی طرز پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جلد سے جلد اعلان کیا جائے۔ فاٹا میں میڈیکل کالج، جنرل اور وومن یونیورسٹی سمیت کیڈٹ کالج کا قیام عمل میں لایا جائے اُنہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر 500 خاندان واپس بھیجے جائیں۔