دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں، نریندر مودی

Narendra Modi

Narendra Modi

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں جس کی کوشش کررہے ہیں تاکہ پاکستان میں دہشت گردی کی تاریخ کو بدلا جا سکے اور خطے میں باہمی تعاون، استحکام اور سلامتی کو فروغ دیا جا سکے۔

فوج کی مشترکہ کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے اگرچہ خطے میں امن کے قیام کے راستے میں بھی مشکلات ہیں لیکن اس کے بہت زیادہ فائدے ہیں جب کہ آئندہ نسلوں کا مستقبل اسی سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے امن کی خواہش کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان قومی سلامتی مشیروں کی سطح کے مذاکرات کا دوبارہ آغاز کردیا ہے تاکہ دفاعی ماہرین ایک دوسرے سامنے بیٹھ کر صورت حال کا درست تجزیہ کرسکیں۔

نریندر مودی نے واضح کیا کہ امن کی اس کوشش میں بھارت اپنی سیکیورٹی سے غافل نہیں اور وہ پاکستان کی دہشت گردی سے متعلق وعدوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔