دہشتگردی کے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ وفاقی حکومت کا طرز حکمرانی ناکام ہوچکا ہے، شمس الرحمن

Press Conference Jamat Islami

Press Conference Jamat Islami

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ دہشتگردی کے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ وفاقی حکومت کا طرز حکمرانی ناکام ہوچکا ہے،حکمران دشمن کے وار ناکام بنانے کی بجائے اقتدار کو طول دینے اور اپنی کرپشن چھپانے کے لئے مصروف ہیں۔

کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج میں دہشتگردوں کی جانب سے درندگی قابل مذمت ہے، وہ گزشتہ روز اویس شہید مرکز جی ٹی روڈ واہ کینٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع امیرزون رفیق احمد، ناظم نشرو اشاعت وحید حیدر شاہ،عظمت جاوید اور ہدائت اللہ خان بھی موجود تھے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم شہدا ء کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں اوران سے اظہارتعزیت کرتے ہیں ہم شہداء کی مغفر ت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گوہیں ،ملک دشمن طاقتیں ہندوستان کے ساتھ مل کرپاکستان کوغیرمستحکم کرنے میں مصروف ہیں لیکن ہمارے حکمران قومی سلامتی کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں، ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ پے درپے دہشتگردی کے واقعات نے ثابت کردیا کہ وفاقی حکومت کا طرزحکمرانی ناکام ہوچکا ہے۔

حکمران دشمن کے وارناکام بنانے کی بجائے اقتدارکوطول دینے اوراپنی کرپشن چھپانے کیلئے مصروف ہیں ہم قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ وطن عزیزکے تحفظ ،دہشتگردی جیسے ناسورکے خاتمے اورعدل وانصاف سے بھرپور خوشحال پاکستان کی تشکیل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،امیرضلع نے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں بھرپورعوامی شرکت اورشاندارکامیابی کے بعدجماعت اسلامی پنجاب 28,29,30اکتوبر کو لاہورمیں عظیم الشان اجتماع منعقد کررہی ہے جس میں ضلع راولپنڈی سے ہزاروں کارکنان شریک ہوں گے۔

مایوسی کے اس ماحول میں یہ اجتماعات قوم کیلئے امیدکی ایک کرن ہیں ،جماعت اسلامی کے کارکنان ان اجتماعات میں اپنا تزکیہ نفس اورتربیت کے ساتھ یہ عزم بھی کریں گے کہ پاکستان کی امن وسلامتی ،ترقی وخوشحالی اورعدل وانصاف کااسلامی فلاحی نظام برپاکرنے کیلئے بھرپورجدوجہد کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ آج قوم کو یکجہتی کے پلیٹ فارم کی اشدضرورت ہے اور جماعت اسلامی واحد قوت ہے جوقوم کے تمام اہل خیر،باصلاحیت اور پرعزم لوگوں کوایک پلیٹ فارم پر جمع کرسکتی ہے،جماعت اسلامی نے ہردورمیں امانتدار،باصلاحیت اورقوم کیلئے قربانی دینے والے افراد تیارکئے ہیں۔

ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا موبائل نمبر0300-5128038