دہشت گردی کے واقعات استحکام پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے : آئی ایس او پاکستان

Ansar Mehdi

Ansar Mehdi

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی نے لاہور میں حالات حاضرہ کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان اور کراچی میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی پر گہری تشویش ہے انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کو استحکام پاکستان کے خلاف گہری ساز ش قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسلام و پاکستان دشمن عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہیںاور بزدلانہ کاروائیوں میں ملوث ہیں انصر مہدی نے کہاہم وہ قوم نہیں جس کو مختلف قسم کی تکالیف دے کر یا ڈرا دھمکا کر خاموش کر دیا جائے۔

بلکہ ہم وہ قوم ہیں جنہوں نے شہدا کی قربانیاں دی ہیںہم وارثان شہدا ہیں۔ ہم میں سے جب کوئی شہید ہو جاتا ہے تو ہمارا حوصلہ اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ اگر دہشت گردوں کا خیال ہے کہ بے گناہ اور محب وطن افراد جو ملک و قوم کے لئے رہنما اور امام کی حیثیت رکھتے ہیں کو شہید کرکے ملکِ پاکستان پر اپنا خوف و ہراس طاری کردیں گے تو یہ ان کی بھول اور خام خیالی ہے۔ ڈی آئی خان اور کراچی سانحہ سے ہم دل شکستہ ضرور ہیں لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں، بلکہ اور بھی بلند ہوئے ہیں۔