دہشت گردی کیخلاف جنگ سب سے بڑا چیلنج ہے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

لاہور کے ارفع کریم ٹاور میں سی پی این ای اور یو این ڈی پی کے تعاون سے میڈیا ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف تھے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ناکام ریاست کا درجہ دلانے کا خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی، کسی نے میڈیا کی آزادی تحفے میں نہیں دی۔

یہ اس نے اپنے زور بازو سے حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لیے لوکل باڈی انتخابات ضروری ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سی پی این ای کے لیے اڑھائی کروڑ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔

تقریب میں سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمٰن شامی، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔