دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے: امریکہ

John Kirby

John Kirby

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دہشت گرد حملوں میں پاکستان کے ہزاروں فوجی اور شہری شہید ہو چکے ہیں۔ جان کربی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے بھی شہداء کے لواحقین اور پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

روسی صدر پیوٹن نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف کے نام پیغام میں اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ حملے میں ملوث ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کو تیار ہے۔