دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا: چینی وزارتِ خارجہ

Jiang Daming

Jiang Daming

چین (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان کے بعد چین پاکستان کی حمایت میں سامنے آ گیا جس نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے۔

ترجمان جینگ شوانگ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف اہم کردار ادا کیا ہے بلکہ اس سلسلے میں بڑی قربانیاں بھی دی ہیں۔

دوست ملک کا کہنا ہے چین اور پاکستان مخلص دوست ہیں اور دونوں ملک ایک دوسرے کو تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ ترجمان سے جب سوال کیا گیا کہ ٹرمپ کے بیان سے چین کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کی کوششوں پر کوئی اثر پڑے گا تو چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ چین، پاکستان اور افغانستان نہ صرف جغرافیائی بلکہ مشترکہ مفادات کے لحاظ سے بھی آپس میں جڑے ہیں اور قدرتی طور پر ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔

خیال رہے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ 15 سالوں میں پاکستان کو 33 ارب ڈالرز کی امداد دے کر ہم نے بے وقوفی کی تھی لیکن اب پاکستان کو کوئی امداد نہیں دی جائے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ہم پاکستان کو بھاری امداد دیتے رہے لیکن دوسری جانب سے ہمیں جھوٹ اور فریب کے سواء کچھ نہیں دیا گیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہمارے رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتے رہے۔ وہ ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں جن کا ہم افغانستان میں تعاقب کر رہے ہیں، تاہم اب ایسا نہیں چلے گا۔