دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فتح 18 کروڑ عوام کی ہو گی، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اورانتہا پسندی کا خاتمہ ہر پاکستانی کی آواز ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری جنگ میں انشاء الله 18 کروڑ عوام کی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے عبرتناک انجام کے مستحق ہیں، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی اورانتہا پسندی کا خاتمہ ہرپاکستانی کی آواز ہے تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کے بھی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں جو کہ خوش آئند ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات برق رفتاری سے کئے گئے ہیں جب کہ آپریشن ضرب عضب کے انتہائی اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ رواداری، اخوت اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کا اہم ترین تقاضاہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔