دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم

Obama

Obama

امریکہ (جیوڈیسک) صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ داعش، القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروپ جانتے ہیں کہ وہ امریکہ جیسے عظیم ملک کو شکست نہیں دے سکتے۔امریکہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔

نائن الیون کے واقعے کے پندرہ برس مکمل ہونے پر ورجینیا میں پینٹاگون میں نائن الیون میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر براک اوباما نے کہا :

’دہشت گرد کارروائیوں کا مقصد خوفزدہ کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا ہے لیکن وہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘

صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’نائن الیون میں جان سے جانے والے تین ہزارافراد کی یاد میں پورا امریکہ متحد ہے ۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ ہم ان لوگوں کے سامنے ہارنہیں مانیں گے جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔‘

صدراوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ کی مسلح افواج،انٹیلی جنس، ہوم لینڈ سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی جانوں کوخطرے میں ڈال کرالقاعدہ کی کمرتوڑ دی ہے۔‘

ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ ’اسامہ بن لادن کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا اور امریکہ کی سلامتی کو مضبوط کیا گیا ہے۔‘

صدر براک اوباما نے مزید کہا کہ ’دہشت گردی کے خطرات اب بھی موجود ہیں۔القاعدہ اورداعش جیسے دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں اپنی ملکی سلامتی اورحفاظت کے لئے ختم کریں گے۔‘

صدراوباما کا کہنا تھا کہ’ امریکی معاشرے کا چہرہ مسخ کرنے والا ردعمل نہیں دے سکتے امریکی معاشرے میں رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر سب سے ایک جیسا برتاؤ کیا جاتا ہے۔‘

امریکی صدرنے کہا ’ہم کسی بھی خوف سے بالاترہوکراپنی آزادی اور اس طرز زندگی کا تحفظ کریں گےجو امریکی معاشرے کا خاصا اور تمام دنیا کے لئے مثال ہے۔‘