دہشت گردوں کو کسی بھی قیمت پر شکست دی جائے گی، سربراہ پاک فوج

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پر دہشت گردوں کو کسی بھی قیمت پر شکست دی جائے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 22نومبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر میجر اسحاق کے لاہور میں واقع گھر پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات اور فاتحہ خوانی کی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے چپے چپے سے دہشت گردوں کو خاتمہ کرکے ملک کو دہشت گردی سے پاک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں،فرائض کی بجاآوری میں ہمارے آفیسرز اور جوانوں کی عظیم قربانیوں نے ہمارے قومی عزم کو مضبوط کیا۔

واضح رہے کہ 22 نومبر کو ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے میجر اسحاق نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔