دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال کر حکومتی رٹ بحال کردی، سربراہ پاک فوج

Raheel Sharif

Raheel Sharif

پشاور (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال کر حکومتی رٹ بحال کردی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کوارڑز پشاور میں خصوصی اپیکش کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت اورفاٹا کے ٹی ڈی پیزکی دوبارہ اپنے آبائی علاقوں میں بحالی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کوان کی پناہ گاہوں سے نکال کر حکومتی رٹ بحال کر دی ہے، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو واپس نہیں آنے دیا جائے گا ۔ قبائلی بھائیوں سے ملکر یقینی بنائیں گےکہ دہشتگرد اور سہولت کار واپس نہ آسکیں۔

پاک فوج کے سربراہ نے خیبر پختونخوا اورفاٹا کے لوگوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختون خوا کے عوام دہشت گردوں کے مظالم کے آگے ڈٹے رہے، انہوں نے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل کر معاشرے میں تنہا کر دیا فاٹا اورخیبر پختون خوا کے عوام کے اس اقدام کو سراہاجانا چاہیے۔ ہم جنگ سےمتاثرہ علاقوں اور افرادکی بحالی کے مشکل مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ فریقین بحالی میں درپیش رکاوٹیں دور کر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کریں۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قبائلی بھائیوں سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا، ٹی ڈی پیز کو برقت اور باعزت طریقے سے گھروں میں آباد کیاجائے گا۔ متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد کام کیا جائے گا۔ جنگ سے متاثرہ گھروں کی تعمیر اور آئی ڈی پیز کی بحالی کی جا رہی ہے۔ یہاں عوامی ضروریات، خواہشات پر توجہ دینے والا انتظامی سسٹم بنایا جارہا ہے۔