دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کو ختم کیا جائے گا، وزیراعظم نوازشریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کابل (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر خطے میں امن و استحکام ممکن نہیں اس لئے جہاں بھی دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہیں ہوں گی انہیں ختم کیا جائے گا۔

کابل میں افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان کےلیے ہمارے دلوں میں خصوصی جگہ ہے، ہم دوست اور بھائی ہیں، ہم نے ہرمشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ افغانستان کے دشمن کبھی بھی پاکستان کےدوست نہیں ہوسکتے، دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر خطے میں امن اور استحکام ممکن نہیں، جہاں بھی دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہیں ہوں گی انہیں ختم کیا جائے گا،کسی بھی شدت پسند گروپ کی طرف سے دہشت گردی کو سختی سے کچل دیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ افغان صدر نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کو ایک جیسے خطرات کا سامنا ہے،ہمیں مشترکہ خطرات کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، ہمارے اصل دشمن دہشت گردی اورغربت ہیں، دہشت گردی نے افغانستان اور پاکستان کونقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا مستقبل روشن ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف افغان دارالحکومت کابل پہنچے تو افغانستان کے وزیر خارجہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اورانہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اہم ملزمان کی حوالگی اور آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کئے گئے جس میں دونوں مالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، معیشت کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا