دہشت گرد اب سافٹ ٹارگٹ کر رہے ہیں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

چارسدہ (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد اب سافٹ ٹارگٹ کررہے ہیں، ہماری قوم دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے تیار کھڑی ہے، پہلی مرتبہ شہر کے لوگ بندوق لے کر آئے ہیں۔

عمران خان نے دہشت گردحملے کے بعد چارسدہ یونیورسٹی کا دورہ کیا ، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دہشت گرد حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے وہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس، سیکورٹی فورسز اور یونیورسٹی کا سیکورٹی اسٹاف قابل تعریف ہے، جنہوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، اگر دہشت گرد امتحانی ہال کی طرف چلے جاتے تو آرمی پبلک اسکول جیسا ایک اور سانحہ ہوسکتا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردپہلے پولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملہ کرتے تھے اب وہ سافٹ ٹارگٹ کررہے ہیں،قوم دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے تیار کھڑی ہے ، پہلی مرتبہ شہر کے لوگ بندوق لے کر آئےہیں۔

عمران خان نے دہشت گرد حملوں میں زخمی ہونے والوں کی ڈسٹرکٹ اسپتال چارسدہ میں عیادت کی۔ اس سے قبل بنی گالا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کے لئے اسکاٹ لینڈ گئے ہیں جنہیں واپس بلالیا گیا ہے۔