دہشت گردوں کا ان کے ہمدردوں سے رابطہ اور بیرونی مدد کا مکمل خاتمہ کیا جائے، آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اپنے آخری مراحل میں ہے، دہشت گردوں کا اُن کے ہمدردوں سے رابطہ اور بیرونی مدد کا مکمل خاتمہ کیاجائے جب کہ افسروں وجوانوں کی قربانیاں پوری قوم تسلیم کررہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر آرمی چیف نے مشکل علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر پاک فوج کے جوانوں کوسراہا۔ آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں آپریشن کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ شوال کے دہشت گردوں کا دوسرے علاقوں سے رابطہ نہ ہونے پائے اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ان دہشت گردوں کو بیرونی دوستوں سے مدد نہ پہنچ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اپنے آخری مراحل میں ہے جس میں بچے کچھے دہشت گردوں کی باقیات کو بھی جلد صاف کرلیا جائے گا جب کہ ریاست کے دشمنوں اور ان کے ہمدردوں سے رابطہ اور بیرونی مدد کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور پاک فوج کی قربانیوں کی پوری قوم معترف ہے۔