دہشت گرد امریکا کو نشانہ بنانے کے لئے موقع تلاش کررہے ہیں، سی آئی اے چیف

John Brennan

John Brennan

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ جان برینن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی دہشت گرد امریکا کو نشانہ بنانے کے لئے موقع تلاش کررہے ہیں۔

امریکی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران جان برینن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر امریکا میں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قوانین اور پالیسیوں میں نرمی کا انتطار کررہے ہیں تاکہ انہیں اپنی کارروائیاں کرنے کا موقع مل سکے۔

دنیا بھر میں دہشت گردی اور تشدد کے ہولناک واقعات پیش آرہے ہیں، اس صورت حال میں امریکا کسی لاپرواہی یا کوتاہی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اس لئے امریکی سینیٹ کو چاہیئے کہ وہ ملک کی سیکیورٹی سے متعلق ضروری قانون سازی کرے۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں خفیہ ادارے ‘نیشنل سکیورٹی ایجنسی’کو لاکھوں امریکی شہریوں اور مشتبہ افراد کے ٹیلی فون کا ڈیٹا جمع کرنے کی اجازت سے متعلق قانون پر نظر ثانی کررہی ہے۔