میرپور ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ

Azhar Ali

Azhar Ali

میرپور (جیوڈیسک) دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلا دیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 9 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان 58 کے اسکور پر ہوا جب سمیع اسلم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی اور یونس خان کی جانب سے شاندار بلاے بازی کا مظاہرہ جاری ہے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 121 اور 148 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

قبل ازیں بنگلا دیش کے کپتان مشفیق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مشفیق الرحیم کا کہنا تھا کہ وکٹ بولنگ کیلئے اچھی ہے اور کوشش ہو گی کہ پاکستان کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور روبیل کی جگہ شہادت حسین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وکٹ پر گھاس اور باؤنس ہے، اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے لیکن بنگلا دیش کے خلاف بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، میچ اور سیریز جیتنے کے لئے کھلاڑیوں کو مثبت کھیل پیش کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور ذوالفقار بابر کی جگہ عمران خان کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔