ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پاکستانی دامن میں آتے ہی پھسلنے لگی

Pakistan Cricket Team

Pakistan Cricket Team

دبئی (جیوڈیسک) ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پاکستانی دامن میں آتے ہی پھسلنے لگی، انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست نے مصباح الیون کو یہ پوزیشن دلائی، برقرار رکھنے کیلیے اب میرپور میں بنگلہ دیش کیخلاف فتح درکار ہوگی، اسد شفیق نے پہلی بار ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں جگہ بنالی، ڈبل سنچری میکر محمد حفیظ کیریئر کے بہترین 34ویں نمبر پر آگئے۔

تفصیلات کے مطابق بنگال ٹائیگرز سے کھلنا ٹیسٹ میں توقعات کے برعکس کارکردگی اور ڈراکے باوجود گرین کیپس کو ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ چھلانگ نے تیسری پوزیشن دلا دی،یہ ترقی کسی غیر معمولی پرفارمنس کا نتیجہ نہیں بلکہ انگلش ٹیم کی مرہون منت ہے، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان3 میچزکی سیریز کا آغاز ہوا تو مہمان سائیڈ104پوائنٹس کیساتھ تیسری پوزیشن پر تھی۔

برج ٹائون کے تیسرے میچ میں میزبان نے فتح کیساتھ نتیجہ1-1کردیا، انگلینڈکو ناکامی کا خمیازہ رینکنگ میں تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا، اسے تیسرے نمبر پر برقرار رہنے کیلیے سیریزمیں لازمی فتح درکار تھی لیکن ویسٹ انڈیز نے امیدوں پر اوس گراتے ہوئے 2 پوائنٹس کی کمی کا شکار کر دیا۔

اس تنزلی کا فائدہ پاکستان کو پہنچا جس نے ایک درجہ بہتری و103پوائنٹس کیساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا، البتہ بنگلہ دیش سے میرپور ٹیسٹ میں لازمی فتح ہی رینکنگ میں استحکام کی ضمانت ہوگی، شکست کی صورت میں 96 پوائنٹس کیساتھ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بعد پانچویں پوزیشن پر اکتفا کرنا ہوگا۔

میچ ڈرا ہونے پر کیویزکے برابر99 پوائنٹس ہو جائینگے لیکن اعشاریائی فرق کی وجہ سے گرین کیپس ایک درجے آگے چوتھی پویشن پر رہیں گے، دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے بارباڈوس میں کامیابی کی بدولت ساتویں نمبر پر موجود بھارت سے فاصلہ کم کرلیا۔