گال ٹیسٹ؛ سری لنکا نے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹوں پر144 رنز بنالئے

Gala Test

Gala Test

گال (جیوڈیسک) گال ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز میزبان سری لنکا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر کھانے کے وقفے تک 144 رنز بنالئے جب کہ اسے 27 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

سری لنکا کے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے پانچویں روز میزبان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز63 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو ڈیمو کرارتنے 36 اور دلرووان پریرا صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ قومی ٹیم کو میچ کے شروع میں ہی پریرا کی شکل میں کامیابی ملی جو بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور مہمان ٹیم کا اسکور 132 رنز تک پہنچا تو لھیرو تھرمانے 44 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل کھیل کے چوتھے روزپاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اسد شفیق اور سرفرازاحمد کی شانداربیٹنگ کی بدولت 417 رنزبنائے۔ دونوں بیٹسمینوں نے محتاط اندازمیں بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر139 رنزجوڑے اورٹیم کا مجموعی اسکور 235 تک پہنچا تو سرفراز احمد 96 رنزبنا کرپویلین لوٹ گئے جس کے بعد وہاب ریاض اوریاسرشاہ اسد شفیق کے ساتھ کریزپرزیادہ دیراسکورکو آگے نہ بڑھا سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 14 اور 23 رنز بناکر چلتے بنے۔ اسد شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کو پریشان کئے رکھا۔

اور انہوں نے نویں وکٹ پر ذوالفقار بابرکے ساتھ 101 رنز جوڑے جس میں ذوالفقاربابرکی ٹیسٹ کیرئیر کی واحد نصف سنچری بھی شامل ہے جو 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق 131 رنز بنانے کے بعد 417 کے مجموعے پر پریرا کی گیند پر چندیمل کو کیچ دے بیٹھے۔ سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا نے 4، دھمیکا پراساد 3، نوان پرادیپ 2 اور رنگانا ہیرات نے ایک وکٹ حاصل کی۔۔

واضح رہے کہ گال ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذررہا جس کے بعد دوسرے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کرپہلے میزبان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی تو سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے تھے۔