ٹیکساس : گرم غبارہ حادثے کا شکار، 16 افراد ہلاک

Texas

Texas

واشنگٹن (جیوڈیسک) اہل کاروں نے بتایا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں صبح سویرے گرم ہوا کے غبارے کے حادثے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے۔

وفاقی انتظامیہ برائے ہوابازی نے بتایا ہے کہ پرواز کے دوران ہفتے کو غبارے میں اچانک آگ لگ گئی، اور غبارہ سبزہ زار پر آ گرا، جس کے نتیجے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوئے۔

مقامی حکام ہلاک شدگان کی شناخت کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ادارہ حادثے کی تفتیش کر رہا ہے جب کہ نقل و حمل کے تحفظ پر مامور قومی ادارے (این ٹی ایس بی) کے اہل کار بھی جائے حادثہ پہنچنے والے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ’’کافی انسانی جانوں کو نقصان پہنچا‘‘۔

اُنھوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’اس المناک واقعے کی چھان بین‘‘ کی جائے گی، جس مین مقامی، ریاست اور وفاق کی سطح کے اہل کار شامل ہوں گے، جن میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے اہل کار بھی ہوں گے۔

یہ حادثہ ایسے مقام پر ہوا جو زرعی علاقہ ہے اور ریاست کے دارالحکومت، آسٹن سے تقریباً 50 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

ایک بیان میں، ٹیکساس کے گورنر، گریگ ایبٹ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ’’ٹیکساس کے تمام لوگوں سے التجا کی ہے کہ فوت ہونے والوں کے لیے دعا میں شریک ہوں‘‘۔