سہہ ملکی ٹورنامنٹ؛ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

 West Indies,

West Indies,

گیانا (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز میں جاری سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔

ویسٹ انڈیز کے شہر گیانا میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا۔ پروٹیز کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں صرف 188 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی،

جنوبی افریقا کی جانب سے روسو نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے جب کہ ڈی کاک 30 ، ہاشم آملا 20، ڈی ولیئرز 31 اور ڈومنی 23 رنز بناکر نمایاں اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن نے 27 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں جو کہ ان کے ون ڈے کیرئیر کی بہترین بولنگ ہے۔ اس کے علاوہ بریتھ ویٹ 2 اور ایک ایک وکٹیں ٹیلر اور ہولڈر کے حصے میں آئیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ اوپنر چارلس اور ڈیرن براوو نے بالترتیب 31 اور 30 رنز بنائے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا لیکن کیرون پولارڈ کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 11 گیندوں قبل حاصل کر لیا۔ پولارڈ نے آؤٹ ہوئے بغیر 67 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے آرن فان گیسو نے 40 رنز کے عوض تین جبکہ عمران طاہر نے 41 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ جے پی ڈومنی نے لی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ طویل عرصے بعد ٹیم میں دوبارہ شامل ہوئے ہیں۔