سنسنی خیز مقابلے کے بعد قلندرز نے کنگز کو سپر اوور میں ہرا دیا

Pakistan Super League

Pakistan Super League

دبئی (جیوڈیسک) سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو سپر اوور میں شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا میچ برابر ہوگیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ آخری اوور انتہائی دلچسپ رہا، قلندرز نے سپر اوور میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 12 رنز کا ہدف دیا تاہم کراچی کنگز سپر اوور میں صرف 8 رنز ہی بنا سکے۔

کراچی کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور ڈیو سچ نے اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن اوپننگ شراکت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور ڈیو سچ 26 کے مجموعی اسکور پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آغا سلمان اور اوپنر فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور 63 رنز کی شراکت قائم کی۔ قلندرز نے اچھی بلے بازی کی تاہم فیلڈنگ میں کراچی کنگز کی عمدہ کارکردگی نے قلندرز کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں۔ آخری اوور میں قلندرز کو 16 رنز درکار تھے۔ عثمان شنواری کی نو بال نے میچ کی صورتحال بدل دی اور سپر اوور میں قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے۔ کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور لینڈل سمنز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچری سکور کیا۔ لاہور کی جانب سے سہیل خان نے تین جبکہ یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے کی لاہور قلندرز کی یہ ایونٹ میں دوسری فتح ہے۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور قلندرز نے پہلے مرحلے کے میچ میں ہونے والی شکست کا بدلہ چکا دیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں مسلسل شکست کے باعث پلے آف سے باہر ہوگئی ہے جب کہ کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔