وقت دو دھاری تلوار

Sword - Time

Sword – Time

تحریر: علینہ ملک
لمحوں کو منٹوں میں اور منٹوں کو گھنٹوں میں ،دنوں کو مہینوں اور مہینوں کو سالوں اور پھر صدیوں میں تغیر دینے والا یہ وقت بھی کیا چیز ہے۔ قدرت کے ارادوں کی طرح اٹل ،دن کو رات کی سیاہی میں اور رات کو صبح کے اجالے میں بدلنے والا یہ وقت نہ رکتا ہے ،نہ تھکتا ہے ،نہ اونگھتا ہے اور نہ سستاتا ہے۔

بے لگام گھوڑے کی طرح زندگی کی شاہراہوں پر دوڑتا ہوا اور ریت کی طرح مٹھی سے سرکتا جانے والا یہ ستم گر ،جو نہ کسی کی سنتا ہے نہ مانتا ہے۔ دھرتی کے وجود پر صدیوں سے حکمرانی کرنے والے ،اور آکاش کو مسخر کرنے والوں کی گرفت سے باہر یہ وقت ،جسکے ایک لمحے ،ایک منٹ اور ایک سیکنڈ کو بھی ساکت کرنا انسان کے بس میں نہیں۔انسان ترقی کی جتنی بھی منزلیں طے کرلے مگر وقت کو قید نہیں کرسکا ،کیوں کہ وہ قدرت کے آگے بے بس ہے۔ ترقی کا زمانہ ہے اور وقت کا پہیہ تیز ہے۔

انسان عجلت میں ہے اور اسکے سامنے فاصلے لامحدود ہیں،اور وقت محدود ہے۔ ہر انسان اپنے آخر کی طرف بھاگ رہا ہے مگر جلدی جلدی بنانے میں وہ بگاڑ دیتا ہے اور زندگی اس کے ہاتھ سے یوں نکل جاتی ہے جیسے کسی مسافر سے ٹرین چھوٹ جائے یا پھر ہاتھ سے کبوتر… اور جب یہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا تو بس وہی قیامت کی گھڑی ہوگی اور حشر کا میدان ہوگا اور رب تعائی کا دربار ہوگا اور انسان پریشان ہوگا کہ اے کاش میں اس وقت کا صحیح استعمال کرتا اسے تعمیر حیات کے بجائے اپنی آخرت کے لئے کچھ کام لاسکتا۔

Time

Time

غرض ہماری زندگی کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور دانشمندی اسی میں ہے کہ ہم اپنے ایک بھی لمحے کو کسی بھی ایسے کام کے لئے ضائع نہ کریں جس کا ہمیں آخرت میں کوئی فائدہ نہ ملے ،کیوں کہ دنیا کی زندگی تو عارضی ہے اور ہمیں اپنی آخرت کو سنوارنا ہے کیونکہ وہی ہمارا اصل ٹھکانا ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم وقت کا درست استعمال کریں، کیوں کہ یہی وقت ہمارا سب سے بڑا دوست بھی ہے اور دشمن بھی ،اب یہ ہم پہ منحصر ہے کہ ہم اسکا درست استعمال کرتے ہیں یا نہیں… اللہ تعائی ہم سب کو اپنے وقت کا درست استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے… آمین

تحریر: علینہ ملک