ملک بھر میں آج شب برات پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

Shab e Barat

Shab e Barat

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں آج شب برات پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، اس موقع پر مسلمان مرد و زن رب ذوالجلال سے مغفرت، رزق میں کشادگی اور دوزخ سے برات کی خصوصی دعائیں مانگیں گے۔

اس مبارک رات کو اس کی شان اور عظمت کے پیش نظر نزول رحمت، برکت اور تقسیم امور کی رات بھی کہا جاتا ہے۔ اس مبارک رات میں ہر حکمت والے کام کا فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔

برائت کی ان مبارک گھڑیوں میں رب ذوالجلال اپنی صفات رحمن و رحیم اور رؤف کے ساتھ اپنے بندوں کو طرف متوجہ ہوتا ہے۔ اس مبارک رات مسلمان توبہ کر کے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے بے شمار مسلمان جہنم سے نجات پاتے ہیں، اس لیے اس رات کو شبِ برات کہتے ہیں۔

یہ رات گذشتہ سال کے تمام اعمال بارگاہِ الہی میں پیش ہونے اور آئندہ سال ملنے والی زندگی اور رزق وغیرہ کے حساب کتاب کی رات ہے۔ اس لیے اس رات میں عبادت الہی میں مشغول رہنا، رب کریم کی رحمتوں کے مستحق ہونے کا باعث ہے۔