سانحہ صفورہ کی تفتیش فوج کی نگرانی میں کرائی جائے۔ ایم آر پی

Bus Firing

Bus Firing

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فوج کی نگرانی میں آئی ایس آئی کی مدد سے سانحہ صفورہ کی شفاف تحقیقات اور سانحہ کے ذمہ داران کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائدوچیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر سلیمان راجپوت ‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چاند ‘ شعبہ خواتین کی رہنما میڈم انیتا اور میڈم تبسم ناز نے کہا کہ سانحہ صفورہ دہشتگردی کا عمومی واقعہ نہیں۔

بلکہ پر امن اسمٰعیلی کمیونٹی پر حملہ پاکستان کی اقتصادی و معاشی شہ رگ پر حملے کے مترادف ہے اور اس حملے کو عام وقوعہ قرار دینے کی ہٹ دھرمی اور عام انداز سے تفتیش یقینا اس حملے کے پس پردہ محرکات اور حقائق کی پردہ پوشی کی کوشش کے مترادف ہوگی ۔ امیر پٹی نے مزید کہا کہ فوج کی نگرانی میں آئی ایس آئی ‘ ایم آئی ‘ ایف آئی اے اور سی آئی اے پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

جے ٹی آئی ٹی میں پاکستان کے نامور تفتیشی صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ تفتیش کی تفصیلات اور حقائق بروقت و تواتر کے ساتھ عوام کے سامنے آتے رہیں اور وہ تمام قوتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہوں جو اس سانحہ کے پیچھے پوشیدہ ہوکر اپنے مذموم مقاصد پورے کرنا چاہتی ہیں۔