خزانے کا نیا امین آ گیا، رانا افضل نے وزیر مملکت خزانہ کا حلف اٹھا لیا

Rana Afzal

Rana Afzal

اسلام آباد (جیوڈیسک) خزانے کا نیا امین آ گیا۔ چابی رانا افضل کو سونپ دی گئی۔ صدر ممنون حسین نے وزیر مملکت خزانہ کا حلف لے لیا۔

تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب مکمل طور پر اردو میں منعقد کی گئی۔ صدر مملکت نے رانا محمد افضل خان کو وزیر مملکت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

رانا محمد افضل خان فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ وہ این اے 82 سے منتخب ہو کر قومی اسمبلی میں پہنچے۔ یاد رہے کہ رانا محمد افضل پرانے مسلم لیگی ہیں جو 2008ء میں نون لیگ کے ٹکٹ پر پی پی 66 فیصل آباد سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔

رانا افضل نے انجینئرنگ کی ڈگری لے رکھی ہے اور وہ فیصل آباد کی ممتاز کاروباری شخصیات میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ تاہم، اب دیکھنا یہ ہو گا کہ وہ اپنے چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ پیش رو کی نشست کو کیسا سنبھالتے ہیں۔