ٹرمپ اور مرکل کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں: وائٹ ہاوس

White House

White House

واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہاوس کے ترجمان سین سپائسر نے کہا ہے کہ امریکہ اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہت اچھے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے ٹویٹر پیج سے جرمنی پر تنقید کرنے کے بعد ترجمان سپائسر نے معمول کی پریس بریفنگ میں موضوع سے متعلق سوالات کے جواب دئیے۔

جرمن چانسلر اینگیلا مرکل کے بیان کہ “اب یورپی یونین امریکہ پر بھروسہ نہیں کرے گی” سے متعلق سوال کے جواب میں سپائسر نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور مرکل کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں، وہ دونوں ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں اور صدر ٹرمپ مرکل کا بہت احترام کرتے ہیں۔

سپائسر نے کہا کہ ٹرمپ صرف جرمنی کو ہی نہیں بلکہ باقی یورپ کو بھی ایک اہم ساجھے دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔ اصل میں مرکل کے الفاظ کو ذرائع ابلاغ کی طرف سے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔

ترجمان سین سپائسر نے کہا ہے کہ مرکل نے کہا ہے کہ یورپ کی تقدیر اس کے اپنے ہاتھ میں ہے اور صدر ٹرمپ نے بھی اسی طرف اشارہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر پیج سے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ “جرمنی کے ساتھ ہمارا بہت بڑا تجارتی خسارہ موجود ہے اسکے علاوہ جرمنی نیٹو اور فوجی حیثیت سے ضروری ادائیگیوں سے بہت کم ادا کر رہا ہے۔ یہ صورتحال امریکہ کے لئے بہت بری ہے اس کا تبدیل ہونا ضروری ہے”۔