ٹرمپ کو انتخابی کامیابی پر ہیلری کلنٹن کی مبارک باد

Hillary Clinton

Hillary Clinton

واشنگٹن (جیوڈیسک) ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن نے بدھ کے روز اپنے ری پبلیکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی تسلیم کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی کہ وہ تمام امریکیوں کے لیے ایک کامیاب صدر ثابت ہوں گے۔

سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے، جو ملک کی پہلی خاتون صدر بننے کی خواہش رکھتی تھیں، اپنی ناکامی پر شديد مایوس ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے نیویارک میں اپنے حامیوں سے کہا ہے یہ میرے لیے ایک تکلیف دہ بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر تقسیم اس سے کہیں زیادہ تھی جتنا کہ ہمارا خیال تھا۔ کلنٹن نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ کبھی اس سوچ سے پیچھے نہ ہٹیں کہ حق اور سچ کے لیے لڑنے کی ایک اپنی اہمیت ہے۔

اپنی فتح کے کئی گھنٹوں کے بعد ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ محنت کشوں کے طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو کبھی نہیں بھول سکتے جنہوں نے امریکہ کی سیاسی تاریخ میں ایک نا ممکن کو ممکن کر دکھایا۔