اعتبار

Hand Shaking

Hand Shaking

تحریر : شاہد شکیل
عجیب زمانہ آگیا ہے کہ دنیا میں کوئی کسی پر اعتبار ہی نہیں کرتا کہتے ہیں جھوٹ چیخ کر بولا جائے تو یقین کیا جاتا ہے اور سچ کسی بھی لہجے میں ہر ایک کو جھوٹ لگتا ہے ،ایک زمانہ تھا کہ لوگ کہتے تھے امید پر دنیا قائم ہے اور اب وہ بھی نہیں بچا کیونکہ آج کے دور میں امید،اعتبار اور اعتماد بس لفظوں تک ہی محدود ہو گئے ہیں ،غیر تو شاید آپ کی باتوں اور اگر ثبوت موجود ہوں تو یقین کر لیتے ہیں لیکن وہ لوگ جو قریب ہوں حتیٰ کہ خونی رشتے بھی آپ کی کسی بات کا یقین نہیں کرتے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ چور کو سب چور نظر آتے ہیں اور جھوٹ بولنے والا سب کو جھوٹا ہی کہتا ہے۔سوال یہ ہے کہ آخر کیا وجوہات ہیں کیوں دنیا میں ایسا رحجان پیدا ہوا ہے دیکھا جائے تو ایک طرف دنیا بھر میں کروڑوں اربوں کا کاروبار صرف اعتبار اور اعتماد سے ہی پایہ تکمیل پایا جاتا ہے اور دوسری طرف قربت ہوتے ہوئے بھی کوئی ایک روپے کا اعتبار نہیں کرتا کیوں؟۔ جرمنی کے معروف میگزین میں گزشتہ دنوں ایک ٹیسٹ شائع ہوا کہ آپ کس پر اعتبار کرتے ہیں؟آپ کتنا یقین رکھتے ہیں؟ شکوک و شبہات میں مبتلا رہتے ہیں یا بنیادی طور پر نتائج اور فیصلہ آنے پر یقین رکھتے ہیں؟یا فوری کسی بھی بات پر فیصلہ اس لئے کرتے ہیں کیونکہ آپ اعتبار کرتے ہیں؟اجنبی لوگوں پر اعتبار کیا جائے یا شک اور وہم کا لبادہ اوڑھا جائے؟۔

آپ اپنی نفسیات کا خود ٹیسٹ لے سکتے ہیں۔نمبر ایک۔ کچھ فاصلے پر بیٹھے آپ کے ساتھی آپس میں چہ مگوئیاں کرتے ہوئے اشاروں کنایوں سے آپ کی طرف دیکھتے ہوئے ہنستے اور قہقہے لگاتے ہیں ، سرگوشیوں میں سر جوڑ کر آپ کی سمت دیکھتے اور اشارے کرتے ہیں،ایسی صورت حال میں آپ کیا کریں گے؟آپ سوچیں گے کہ وہ میرا مذاق اڑا رہے ہیں؟اٹھ کر ان کے پاس جائیں گے اور سوال کریں گے کہ کیا تکلیف ہے تم لوگوں کو کیوں میری طرف دیکھ کر دانت نکال رہے ہو؟یا یہ سوچیں گے کہ دفع کرو جی ہنستے ہیں تو ہنسنے دو مجھے کیا اور لاتعلق ہو جائیں گے؟نمبر دو۔ایک دن اگر آپ مالی پریشانی میں گھر جائیں تو کیا ہوگا؟آپ سوچیں گے اگر میں نے بچت کی ہوتی تو مجھے یہ دن دیکھنا نہ پڑتا؟رشتہ داروں اور قریبی دوستوں سے توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ مدد کریں گے؟یا آپ کو یقین ہوگا کہ کوئی غیر آپکی امداد کرے گا؟یا آپ یہ توقع کریں گے کہ کوئی مدد تو کرے گا لیکن مسئلہ حل نہیں ہوگا؟نمبر تین۔اگر آپ چھٹیوں پر جانا چاہتے ہیں تو اپنے گھر یا اپارٹمنٹ کی حفاظت کیلئے کیا طریقہ یا لائحہ عمل تیار کریں گے؟۔

آپ سیکیورٹی سروس سے رابطہ کریں گے کہ وہ وقتاً فوقتاً گھر کی نگرانی کریں ؟ یا اپنی غیر موجودگی میں کبھی کبھار ہمسایہ کو فون کریں گے کہ سب ٹھیک ہے ناکوئی گڑبڑ تو نہیں؟یا اپنے گھر کو مکمل طور پر مقفل کرنے کے بعد دوستوں اور رشتہ داروں سے گزارش کریں گے کہ کبھی کبھی چکر لگا لیا کریں ؟ یا گھر مقفل کرنے کے بعد اس امید پر رہیں گے کہ آپکا ہمسایہ آپ کی غیر موجودگی میں گھر کا خیال رکھے گا؟نمبر چار۔کچھ عرصے سے آپ کسی نامعلوم جسمانی تکلیف میں مبتلا ہیں اور فیملی ڈاکٹر کے پاس علاج کیلئے جاتے ہیں ابتدائی تشخیص اور لیبارٹریز ٹیسٹ لئے جاتے اور دوا دی جاتی ہے لیکن تکلیف بدستور قائم رہتی ہے اور ڈاکٹر کہتا ہے اطمینان رکھیں مزید ٹیسٹ لینے اور انتظار کرنے کا کہتا ہے آپ کیا کریں گے؟ ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں گے؟حیرت کا اظہار کرتے ہوئے عدم اطمینان کی صورت میں کسی دوسرے ڈاکٹر سے رجوع کریں گے جو فوری طور پر تکلیف کا علاج کرے؟۔

Woman Servant

Woman Servant

نمبر پانچ۔آپ بہت مصروف انسان ہیں گھر کی دیکھ بھال اور صاف ستھرائی کیلئے کام کرنے والی خاتون عرف عام ماسی کو رکھ لیتے ہیں،آپ کیا کریں گے گھر کی چابی ماسی کو دیں گے تاکہ وہ آپکی غیر موجودگی میں گھر کی صفائی ستھرائی کرے؟ یا ہمیشہ گھر میں موجود رہیں گے جب تک وہ صفائی سے فارغ نہ ہو جائے؟یا اپنے کسی فیملی ممبر کو گزارش کریں گے کہ وہ گھر میں موجود رہے؟ یا وقتاً فوقتاً گھر کا کنٹرول کرتے رہیں گے کہ آپ کی قیمتی اشیاء غائب تو نہیں ہوئیں جنہیں آپ مقفل نہیں کر سکتے ؟ نمبر چھ۔آپ ایک بڑی فرم میں اونچے عہدے پر فائز ہیں اور اہم پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جو تخلیقی اور تجربات کا حامل ہے ایسی صورت حال میں کس پر یقین یا اعتبار کیا جا سکتا ہے؟کیا آپ اپنے ساتھیوں سے اکثر اپنے پروجیکٹ کے بارے میں بات چیت کریں گے تاکہ وہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں؟یا اپنے پروجیکٹ کو کم سے کم دیگر لوگوں پر ظاہر ہونے دیں گے کیونکہ آپ جانتے ہیں کسی کا کیا بھروسہ؟یا آپ اپنے پروجیکٹ کی تما م دستاویزات اور دیگر منسلک اشیاء کو سیف میںبند کر دیں گے کیونکہ بہت محنت کی گئی ہے؟۔

نمبر سات۔ذرا تصور کریں آپ کی سولہ سالہ بیٹی اپنے دوست کے ساتھ ویک اینڈ گزارنا چاہتی ہے اور آپ سے اجازت چاہتی ہے آپ لڑکے کو قریب سے جانتے بھی نہیں تو کیا کریں گے؟آپ دوٹوک لہجے میں رد کر یں گے کیونکہ کبھی کچھ بھی غلط ہو سکتا ہے؟آپ اسے جانے کی اجازت دیں گے کیونکہ آپ اپنی بیٹی پر اعتبار کرتے ہیں؟ اجازت دیں گے کیونکہ آپ پتھر کے زمانے میں نہیں رہ رہے بلکہ ایک ماڈرن انسان اور معاشرے میں رہتے ہیں لیکن جب تک بیٹی واپس نہیں آجاتی پیٹ میں مروڑ رہیں گے اور عجیب سا احساس موجود رہے گا؟۔

ٹیسٹ کے مختلف نتائج برامد ہوئے کیونکہ مختلف سوالوں کے مختلف جواب تھے ،مثلاً آپ اعتبار کرتے ہیں اور اس بات پر یقین ہی نہیں رکھتے کہ کوئی آپ کو نقصان پہنچائے گا یا دھوکہ دے گاآپ محتاط انسان ہیں انتظار کرتے ہیں کسی کے اعتبار کو ٹھیس نہیں پہنچاتے لیکن کبھی کبھار مشکلات بھی پیش آتی ہیں، یا آپ ضرورت سے زیادہ محتاط انسان ہیں کیونکہ تجربوں نے سکھایا ہے کہ موسم بدلتے دیر نہیں لگتی اسلئے چھتری ساتھ رکھنا ضروری ہے اور کسی پر بھی اعتبار نہ کیا جائے کیونکہ اعتبار کر نے سے انسان تکلیف میں بھی آسکتا ہے،لیکن یہ بات بھی مد نظر رکھنا ضروری ہے کہ آپ کی اس عادت سے رشتوں ناطوںمیں دراڑ پڑ سکتی ہے اور ایسا نہ ہو کہ کسی دن ہمیشہ کیلئے تنہا ہو جائیں۔

Shahid Shakil

Shahid Shakil

تحریر : شاہد شکیل

tell the truth

tell the truth