تربیلا اور گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی، ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون

Electrical Breakdown

Electrical Breakdown

اسلام آباد (جیوڈیسک) تربیلا، مظفر گڑھ اور گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے علاقے شدید متاثر ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تربیلا، مظفر گڑھ اور گدو پاور اسٹیشن فنی خرابی کے باعث بند ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقے لوڈشڈنگ کی لپیٹ میں ہیں، ترجمان کے مطابق منگلا، غازی بروتھا، تربیلا کو نیشنل گرڈ سے جوڑ دیا گیا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 12 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان نیشنل پاور پلانٹ سے بجلی کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا، گذشتہ ایک گھنٹے سے پورے پارلیمنٹ ہاوس کی بجلی بھی بند ہے جبکہ پارلیمنٹ کے کچھ فلورز کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول کا عملہ فنی خرابی دور کرنے میں مصروف ہے اور جلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کا واقعہ پہلے بھی رونما ہو چکا ہے، بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا وزارت کی جانب سے بجلی بحران سے متعلق ترجمان نے بیان دے دیا ہے، بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق تفصیلات لے رہا ہوں۔