ترکی ہماری حدود سے اپنے فوجیوں کو فوری واپس بلائے، عراق کا مطالبہ

Turkish Soldier

Turkish Soldier

بغداد (جیوڈیسک) عراقی حکومت نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ انقرہ کی جانب سے ملک کے شمال میں بغیر اجازت کے تعینات فوجی اور ٹینکوں کو فوری طور پر واپس بلایا جائے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات موجود ہیں کہ ترک فوج کی ایک رجمنٹ متعدد ٹینکوں کے ہمراہ بغداد کے شمالی حصے میں مبینہ طور پر عراقی گروپوں کو تربیت فراہم کر رہی ہے۔ ترکی نے ہماری اجازت کے بغیر اپنی فوج کو عراق میں تعینات کر رکھا ہے لہذا انقرہ فوری طور پر اپنے فوجیوں اور ٹینکوں کو واپس بلائے۔

دوسری جانب ترک میڈیا کے مطابق حکومت نے موصل کے شمال مشرقی علاقے بشیکا میں تقریباً 150 فوجی اور 20 سے 25 ٹینکوں کو تعینات کرنے کے لئے بھیجا تھا۔ ترک خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کے مطابق عراق کے خود مختار کرد علاقے میں پیش مرگا فورسز کو تعینات کیا گیا ہے جو وہاں پر داعش کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں جب کہ ترک فورسز انھیں تربیت فراہم کر رہی ہیں۔