ترکی میں کردوں سے جھڑپ اور ہیلی کاپٹر گرنے سے 8 فوجی ہلاک

Turkey Forces

Turkey Forces

انقرہ (جیوڈیسک) ترکی میں عراق کے بارڈر کے قریب کردوں سے جھڑپ اور ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں 8 ترک فوجی ہلاک جب کہ 8 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں عراق کے بارڈر کے قریب جمعہ کی صبح کردوں سے شروع ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں 6 فوجی مارے گئے اور 8 زخمی ہوگئے جب کہ جھڑپ کے بعد فوجیوں کی مدد کے لیے بھیجا گیا ہیلی کاپٹر بھی حادثے کا شکار ہوگیا جس میں موجود 2 فوجی ہلاک ہو گئے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔

واضح رہے کہ ترک افواج 1984 سے باغیوں کے خلاف لڑائی میں مصروف ہیں جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں جب کہ گزشتہ سال جولائی سے فوج اور باغیوں کے درمیان جاری لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے جس کے باعث 400 کے قریب سیکیورٹی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔