ترکی نے ارکان پارلیمنٹ کو روکا تو اپنے فوجی منتقل کر دیں گے : اینگلا مرکل

Angela Merkel

Angela Merkel

برلن (جیوڈیسک) جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے پیر کے روز دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ اگر انقرہ حکومت نے پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے ارکان کو ترکی میں فضائی اڈے پر نیٹو افواج کے لیے خدمات انجام دینے والی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہ دی تو مرکل کی حکومت اپنے فوجیوں کو ترکی سے کسی دوسرے ملک منتقل کر دے گی۔

ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے میرکل نے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ کی ترکی میں انجرلک فضائی اڈے میں فرائض سر انجام دینے والے 250 جرمن فوجیوں سے ملاقات بہت ضروری ہے.. جہاں یہ فوجی شام میں داعش تنظیم کے خلاف نبرد آزما نیٹو فورس کے مشن میں شریک ہیں۔

جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ “اس حوالے سے ترکی کے ساتھ بات چیت جاری رہے گی تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہم پر لازم ہے کہ اپنی ذمے داریوں کو پورا کرنے کے لیے دیگر ذرائع تلاش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تلاش میں انجرلک فضائی اڈے کا متبادل بھی شامل ہے اور ہمارے سامنے موجود ایک متبادل اردن ہے۔