ٹی وی چینلز کو پیمرا کا انتباہ

PEMRA

PEMRA

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو انتباہ جاری کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور سپریم کورٹ کے نافذ کردہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 پر مکمل عمل ،موثر تاخیری نظام نصب اور ایڈیٹوریل کنٹرول کو بہتر کیا جائے۔

خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹی وی چینل کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی جائے گی۔ پیمرا نے تمام نیوز، کرنٹ افئیرز ٹی وی چینلز کو انتباہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آج کئی ٹی وی چینلز نے خبروں، ٹکرز اور فوٹیج میں کچھ لوگوں کے احتجاج کو بڑھاچڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کی، اس سے نہ صرف خوف و ہراس پھیلا بلکہ لوگوں کی جان ومال کوخطرہ بھی لاحق ہوسکتا تھا، کچھ ٹی وی چینلز نے ایسے تبصرے نشر کیے جن سے سنسنی پھیلتی ہے۔

ایسے وقت میں جب پوری قوم اور فوج کے جوان و افسران نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن ضربِ عضب میں جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں،کسی بھی قسم کی غیرذمہ دارانہ، غیرپیشہ ورانہ صحافت نیشنل ایکشن پلان کو تباہ کرنے کےمترادف ہے، کچھ ٹی وی چینلز ریٹنگ کےلیے قومی مفاد اور ملکی سلامتی کے منافی پروگرام نشر کرتے ہیں، ایسے پروگرام پیمرا کے مروجہ قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں

پیمرا کے انتباہ میں مزید کہا گیا کہ تمام نیوزوکرنٹ افیئرز ٹی وی چینلز کومتنبہ کیاجاتا ہے کہ صحافتی و پیشہ وارانہ ذمہ داریاں پوری کریں، آیندہ ایسے ٹاک شو، احتجاج، تبصرے یا ٹکر نشر نہ کیے جائیں جو کسی بھی طور فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کا باعث بنیں۔