ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ پاکستان نے بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست دیدی

Pakistan Team

Pakistan Team

کولکتہ (جیوڈیسک) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کا بدلہ لے لیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جس کے تعاقب میں بنگلادیش 6 وکٹوں پر 146 رنز ہی بناسکی۔ بنگلادیش کو پہلے ہی اوور میں ایک وکٹ کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جب محمد عامر نے اپنی تیسری ہی گیند پرسومیا سرکار کو کلین بولڈ کیا جس کے بعد جارح مزاج شبیر الرحمان بھی 25 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز تمیم اقبال تھے جو صرف 24 رنز ہی بناسکے جب کہ محمد اللہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے پانچویں وکٹ کیلیے 39 رنز کی شراکت داری قائم کی، مشفق الرحیم 18 رنز پر محمد عامر کا شکار بنے، محمد متھن کو محمد عرفان نے 2 رنز پر پویلن بھیجا جب کہ شکیب الحسن 50 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی اور محمد عامر نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، شاہد آفریدی کو جارحانہ اننگز کھیلنے اور 2 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا تو 26 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان 10 گیندوں پر 18 رنز بنا کر عرفات سنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ پر 95 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے اور ٹیم کا مجموعہ 121 تک پہنچا تو احمد شہزاد 39 گیندوں پر 52 رنز بنا کر صابر رحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 8 چوکے لگائے۔

وکٹیں گرنے کے باوجود قومی بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ جاری ہے اور کپتان شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ پر42 رنز کی شراکت قائم کی اور 17ویں اوور میں ٹیم کا مجموعی اسکور 163 تک پہنچا تو محمد حفیظ 42 گیندوں پر64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جب کہ عمر اکمل بغیر کوئی رنز بنائے تسکین احمد کا شکار بنے۔

کپتان شاہد آفریدی آخری اوور میں اپنی نصف سنچری سے صرف ایک رنز دوری پر کیچ آؤٹ ہوئے انہوں نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر49 رنز بنائے۔ شعیب ملک 14 اور عماد وسیم بغیرکوئی گیند کھیلے ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی نے 2،2 اور صابررحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔