ٹی 20 ورلڈ کپ کا پاک بھارت میچ خطرے میں پڑگیا

Pakistan Vs India

Pakistan Vs India

نئی دہلی (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا دھرم شالہ میں ہونے والا میچ خطرے میں پڑگیا ہے،پاکستانی ٹیم کو کھیلنے نہیں دینگے،کانگریس نے احتجاج اور دھرنوں کی دھمکی دیدی ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر خدشات کے سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں ، ہمیشہ سے پاک بھارت دوستی کی حامی جماعت کانگریس نے ہی پاک بھارت میچ نہ ہونے دینے کی دھمکی دی ڈالی ہے۔

دنیا بھر کے کرکٹ کے چاہنے والے پہلے ہی شیوسینا کی انتہاپسندی سے بیزارتھے ،جب بھی پاک بھارت کرکٹ کی بات ہو تی ،شیو سینا کے غنڈے آڑے آجاتے تھے ، لیکن اس بار تو یہ ستم بھارت کی بڑی اور اپوزیشن جماعت کانگریس نے ڈھا دیا۔

خود کو لبرل کہلانے والی کانگریس نے دھمکی دے ڈالی ہےکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا طے شدہ پاک بھارت میچ ہماچل پردیش میں نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس کی وجہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی تحریک آزادی میں ہلاکتوں کو قرار دیا ہے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ میچ نہ روکا گیا تو پوری ریاست میں احتجاج ہوگا،ریلیاں نکلیں گی، دھرنے بھی ہوں گے۔ یہ فیصلہ کانگریس کی پی سی سی ایگزیکٹو میٹنگ میں کیا گیا ہے۔

پی سی سی پریزیڈنٹ سکھوندر سوکھو نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو آخری الٹی میٹم دےدیا ہے کہ میچ کو منسوخ کیا جا ئے یا دھرم شالہ سے کہیں اور منتقل کردیا جائے ، وہ کرکٹ کے خلاف نہیں لیکن پاک بھارت میچ نہیں ہونے دیں گے۔