اوبر ٹیکسی سروس اب بغیر ڈرائیور کے کاریں چلائے گی

Uber

Uber

ٹیکسی سروس کے لیے معروف امریکی کمپنی اوبر نے اعلان کیا ہے کہ اگلے پندرہ روز میں اس کے گاہک اپنے موبائل فون سے بغیر ڈرائیور والی کار طلب کر سکیں گے۔

اوبر اپنی بغیر ڈرائیور والی ٹیکسی سروس امریکی ریاست پینسلونیا کے شہر پیٹسبرگ میں متعارف کروائے گی۔

اوبر کے اعلان کے مطابق وہ اپنی بغیر ڈرائیور کار سروس سویڈن کی کار کمپنی والوو کے ساتھ مل کر شروع کرے گی۔

ابتدائی طور پر گاڑی میں ڈرائیور موجود ہوگا جو بوقت ضرورت گاڑی کا کنٹرول سنبھال سکے گا۔

خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق اوبر بغیر ڈرائیور والی 10 لاکھ کاریں چلانے کا منصوبے رکھتی ہے۔

اوبر کمپنی کی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے سروس میں گاہک پٹسبرگ کے مرکزی علاقےمیں اپنے فون سے بغیر ڈرائیور والی کار کو بلا سکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کپمنی وہ کچھ کرنے جا رہی ہے جو کوئی اور کمپنی پہلے نہیں کر سکی ہے۔

پٹسبرگ میں گاہک اوبر ایپ سےگاڑی بلا سکیں گے۔ ابتدائی طور پر بغیر ڈرائیور والی ٹیکسی کا کوئی کرایہ نہیں ہوگا۔

اوبر کی بغیر ڈرائیور کے ٹیکسی سروس میں کون سی گاڑی شامل ہو گی اس کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق اوبر والوو کی ایکس سی90سی گاڑی کو اپنی سروس میں استعمال کرے گی۔ لیکن ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق اوبر فورڈ کپمنی کی کار فیوژن کو ابتدائی تجربات میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔