اقوام متحدہ نے نئی پابندیاں عائد کر دیں، شمالی کوریا کا ماننے سے انکار

Security Council

Security Council

شمالی کوریا (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی ہے۔ نئی پابندیوں کے ذریعے شمالی کوریا کی تیل کی درآمدات کو محدود کیا گیا ہے اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات پر پابندی لگائی گئی ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ عنقریب شدید تکلیف محسوس کرے گا۔ سلامتی کونسل میں سخت پابندیوں پر مشتمل قرار داد کی منظوری کے باوجود شمالی کوریا کی ہٹ دھرمی میں کوئی کمی نہیں آئی، پیونگ یانگ نے اقوام متحدہ کی نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے امریکہ کو شدید نتائج کی دھمکی دی ہے، اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے یہ نئی پابندیاں شمالی کوریا کے چھٹے اور اب تک کے سب سے بڑے جوہری تجربے کے بعد عائد کی گئی ہیں۔ چین اور روس نے بھی شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ شمالی کوریا کے خلاف پابندی کی قرارداد امریکہ نے تیار کی تھی۔ رائے شماری کے بعد قراردار کو صفر کے مقابلے میں 15 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا پر پہلے سے ہی اقوام متحدہ کی جانب سے اقتصادی پابندیاں عائد ہیں تاکہ جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔